سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے العوامیہ میں جاری مظالم
سعودی عرب کی فوج نے مشرق میں العوامیہ کے علاقے المسورہ کی بجلی جمعے کے روز دوسرے دن بھی منقطع کر دی۔
خبر رساں ایجنسی فارس کی رپورٹ کے مطابق سعودی فوج نے عوام کے مظاہروں کی روک تھام، مشرقی علاقے کے لوگوں میں رعب و وحشت پیدا کرنے اور ان پر دباؤ ڈالنے کی غرض سے المسورہ کی بجلی جمعے کے روز بھی منقطع رکھی۔
سعودی فوج نے مشرقی سعودی عرب کے شہریوں پر دباؤ میں شدید اضافہ کر دیا ہے۔
سعودی فوج نے یہ دباؤ، سعودی جیل میں سرگرم عمل کارکن محمد الحساوی کے قتل کے بعد سعودی عوام کے بڑھتے ہوئے احتجاجات کو دبانے کی غرض سے بڑھایا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ سعودی حکام علاقے کی توسیع کے بہانے المسورہ قصبے کے غریب عوام کے مکانات اور گھروں کو مسمار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جبکہ انسانی حقوق کے سعودی و یورپی ادارے نے سعودی حکام کے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کے مشرقی علاقوں میں دو ہزار گیارہ سے حکومت مخالف پرامن مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی عرب کے عوام اپنے ملک میں سیاسی اصلاحات، آزادی بیان، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور مذہبی و اقتصادی امتیازی سلوک کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔