دہشت گردی عالمی برادری کے لئے سب سے بڑا خطرہ، عراق کے وزیر خارجہ
عراق کے وزیر خارجہ نے دہشت گردی عالمی برادری کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے والے ملکوں کی ترجیحی بنیادوں پر حمایت کی اپیل کی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے پیر کے روز بغداد میں یورپی ملکوں کے سفراء سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے والے ملکوں کی حمایت کو اپنی ترجیحات شامل کرے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جب تک دہشت گردی کے مالی ذرائع ختم اور تکفیری افکار کو جرم قرار نہیں دیا جائے گا اس وقت تک دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ممکن نہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی تعاون سے دہشت گردی کو لگام دی جا سکتی ہے لہذا عالمی برادری کو ان ممالک کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے جو دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔
عراق کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرائے جانے والے علاقوں کی تعمیر نو میں مدد و تعاون کا منتظر ہے۔
اس نشست میں یورپی ملکوں کے سفیروں نے بھی داعش دہشت گرد گروہ کے مقابلے میں عراق کی حمایت پر تاکید کرتے ہوئے دہشت گردی کے مقابلے میں اس ملک کی کامیابیوں کو سراہا۔