عراق میں مغربی موصل کو آزاد کرانے کی تیاری
عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ترجمان نے کہا ہے کہ عوامی فورسز مغربی موصل کو داعش دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے مکمل آمادہ ہیں۔
خبر رساں ایجنسی فارس کی رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ترجمان احمد الاسدی نے کہا ہے کہ مغربی موصل کی آزادی داعش دہشت گردوں کی نابودی کا باعث بنے گی۔
اس ترجمان نے کہا کہ عوامی رضاکار فورسز نے مغربی موصل کو آزاد کرانے کی کارروائی شروع کئے جانے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
احمد الاسدی نے کہا کہ صوبے نینوا کے مغربی علاقے کو آزاد کرانے کی کارروائی کا چھٹا مرحلہ مغربی موصل سے تلعفر اور المحلبیہ سے سنجار کی سرحد تک جاری رہے گا۔
عراق کی وزارت دفاع کے ترجمان لیث النعیمی نے بھی کہا ہے کہ مغربی موصل کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی شروع کرنے کی پوری تیاری کرلی ہے اور عراقی فوج کو صرف کارروائی شروع کئے جانے کے وقت کا انتظار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مشرقی موصل کو پہلے ہی داعش دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرایا جا چکا ہے۔