دہشت گردوں کے خلاف عراقی افواج کی کامیابیاں
عراقی سیکورٹی فورس نے صوبہ کربلا کے مغرب میں ایک کار بم کو ناکارہ بنا دیا -
عراقی سیکورٹی فورس نے بدھ کو صوبہ کربلا کے مغرب میں کار میں نصب دھماکہ خیز مواد کو ناکار بناتے ہوئے شعیب کے علاقے میں داعش کے ایک حملے کو ناکام بنا دیا ہے - اس درمیان عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ایک کمانڈر ابوحسن الابراہیمی نے مختلف محاذوں پر داعش کے خلاف عراقی افواج کی پیشقدمیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ الحشد الشعبی موصل کے مغرب میں واقع تلعفر شہر کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے پوری طرح تیار ہے- ان کا کہنا تھا کہ تلعفر شہر پوری طرح مشترکہ فوج کے محاصرے میں ہے اور اس پر حملہ کرنے کے لئے اب کوئی تاخیر نہیں ہوگی - الحشد الشعبی کے مذکورہ کمانڈر نے کہا کہ تلعفر شہر کو آزاد کرانے کے لئے ہر طرح کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے اور فوجی اعتبار سے اس شہر کی آزادی یقینی ہے - ادھر انسداد دہشت گردی فورس کے جوانوں نے کرکوک کے مغرب میں اجوان نامی گاؤں میں داعش کے چھے عناصر کو گرفتار کرلیا ہے - عراقی فوج نے دیالہ اور صلاح الدین صوبوں کے درمیان واقع مطیبیحہ علاقے میں بھی داعش کے ایک حملے کو بری طرح پسپا کردیا ہے اس کارروائی میں سات دہشت گرد مارے گئے -