نواحی دمشق میں شامی فوج کی پیشقدمی
شامی فوج نے نواحی دمشق میں واقع السین ایئر پورٹ کے مشرقی علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔
دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ السین ایئرپورٹ کے اطراف میں ہونے والی شدید جھڑپوں کے دوران درجنوں داعشی دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ کے اتار دیا گیا۔
شامی فوج کے حملے میں داعشی دہشت گردوں کا ایک ٹینک، بکتربند گاڑی اور مشین گنوں سے لیس چار دوسری گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔
دوسری جانب شامی کردوں کی تنظیم پی وائی کے ترجمان عماد سلو نے کہا ہے کہ شمالی شہر رقہ کی، دہشت گردوں کے قبضے سے آزادی کے لیے آپریشن کا نیا مرحلہ شروع کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں دس ہزار رضاکار حصہ لے رہے ہیں۔
رقہ شہر کو شام میں داعش کا اہم ترین گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
درایں اثنا حلب میں داعشی دہشت گردوں کی بچھائی ہوئی ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں تین شامی بچے جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ حماہ کے سلحب ٹاؤن پر داعشی دہشت گردوں کے راکٹ حملے میں ایک شامی خاتون کے مارے جانے کی بھی خبریں موصول ہوئی ہیں۔