Feb ۲۰, ۲۰۱۷ ۰۹:۱۵ Asia/Tehran
  • افغانستان کا پاکستان سےگولہ باری بند کرنے کا مطالبہ

افغانستان نے دھمکی دی ہے کہ اگر پاکستان نے سرحد پار سے گولہ باری کا سلسلہ بند نہ کیا تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔

گزشتہ روز افغان میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان نے ہماری سرزمین پر گولہ باری کا سلسلہ بند نہ کیا تو اس کے خلاف ہر ممکن طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔

افغان وزارت خارجہ میں اسٹریٹجک اسٹڈیز کے ڈائریکٹر فرامارزتامنا کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے سرحد پار سے پاکستان کی جانب سے حملے بند اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات معمول پر آجائیں گے تاہم اگر ایسا نہ ہوا تو افغانستان خاموش نہیں بیٹھے گا اورپاکستانی اقدامات کے جواب میں اندرونی، علاقائی اورعالمی طاقت کا استعمال کریں گے۔

ادھرافغان وزارت دفاع نے پاکستان کو گولہ باری پرخبردار کرتے ہوئے کہاکہ حملوں کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں، دونوں ہمسایہ ممالک کوسفارتی کوششوں سے مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔

دوسری جانب ترجمان افغان وزارت دفاع دولت وزیری کاکہنا ہے کہ ہم اسے اور کچھ نہیں لیکن جارحیت تصور کرتے ہیں، مسئلے کا سفارتی حل تلاش کرنے کیلیے کوششیں کی جانی چاہئیں لیکن اگر سفارتکاری کام نہیں آتی تو افغانستان جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے افغانستان میں دہشتگرد گروہ جماعت الاحرار کے خلاف افغانستان کے سرحدی علاقوں میں گولہ باری کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ کئی دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

 

ٹیگس