Oct ۰۹, ۲۰۲۵ ۰۸:۱۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بچوں کی قاتل دوا کمپنی کا مالک گرفتار، ایم پی ایس آئی ٹی کی کارروائی

ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش میں کھانسی کا شربت "کولڈرف" پینے سے 20 بچوں کی موت کے بعد ریاستی ایس آئی ٹی نے مذکورہ شربت بنانے والی کمپنی کے مالک کو گرفتار کرلیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مدھیہ پردیش کے ضلع چھندواڑہ میں کھانسی کی دوا ’کولڈرف‘ پینے سے 20 بچوں کی موت ہوگئی جس کے بعد مدھیہ پردیش ایس آئی ٹی (خصوصی تحقیقاتی ٹیم) نے کولڈرف بنانے والی کمپنی "سریسن" کے مالک ایس رنگناتھن کو چینئی میں گرفتار کر لیا۔ ایس رنگناتھن کو بدھ کی رات گرفتار کیا گیا۔

چھندواڑہ کے پولیس سپرنٹینڈینٹ اجے پانڈے نے بتایا کہ ایس رنگناتھن کو آج چنئی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اس کے بعد ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل ہونے کے بعد اسے چھندواڑہ لایا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں مزید گرفتاریاں ممکن ہیں۔

پولیس کے مطابق کولڈرف سیرپ میں ملاوٹ کی تصدیق ہوئی ہے جو بچوں کے لئے جان لیوا ثابت ہوا۔ یہ شربت مدھیہ پردیش میں بڑے پیمانے پر تقسیم کیا گیا تھا جس  کے استعمال سے بہت سے بچے بیمار ہو گئے تھے۔ مدھیہ پردیش کے علاوہ ملک کی کئی دیگر ریاستوں سے بھی اس شربت کی وجہ سے بچوں کی موت کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت راجندر شکلا نے کہا کہ کولڈرف کھانسی کا شربت پینے سے ریاست میں 20 بچوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ پانچ دیگر زیر علاج ہیں۔ ہندوستان کی کئی ریاستوں نے کھانسی کے اس شربت کی فروخت اور تقسیم پر پابندی لگا دی ہے۔

ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ کولڈرف میں ڈائیتھیلین گلائکول (ڈی ای جی) موجود ہے، جو ایک زہریلا کیمیکل ہے۔ یہاں تک کہ ڈی ای جی کی تھوڑی سی مقدار بھی مہلک ہو سکتی ہے۔ کولڈرف لینے کے بعد بچوں کو گردے میں انفیکشن ہوگيا تھا۔

چھندواڑہ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دھیریندر سنگھ نے بتایا کہ متاثرہ بچوں کے نمونے تحقیق کے لئے بھیجے گئے تھے جن میں زہریلے کیمیکل کے شواہد ملے۔ اس کے بعد ریاستی پولیس نے سریسن فارماسیوٹیکل کمپنی کے فرار مالکان پر انعام کا اعلان کیا تھا۔ پولیس نے کہا تھا کہ گرفتاری میں مدد کرنے والے کو 20  ہزار روپے کا نقد انعام دیا جائے گا۔

ایس رنگناتھن، تمل ناڈو میں واقع ایک فارماسیوٹیکل کمپنی، "سریسن" کا مالک ہے جس نے زہریلا کھانسی کا شربت " کولڈرف" تیار کیا تھا اور گزشتہ 14 سال سے کولڈرف شربت تیار کر رہی تھی۔ واقعے کے بعد تمل ناڈو کی ریاستی حکومت نے تمام دوا ساز کمپنیوں اور دکانداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کولڈرف سیرپ کے اسٹاک کو فوری طور پر ہٹائیں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دوا کا استعمال نہ کریں۔

 

ٹیگس