Feb ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۴:۵۳ Asia/Tehran
  • موصل میں عراقی افواج کی پیشقدمی

عراقی افواج نے اپنی تازہ ترین کارروائی میں موصل کے مغربی محلے البوسیف کو آزاد کرا لیا ہے اور جلد ہی موصل کے ہوائی اڈے کو بھی آزاد کرالیں گی۔

عراق کے شمالی شہر موصل کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کی عراقی افواج کی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری ہیں-

موصل سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ عراقی افواج نے موصل کے مغرب میں پیشقدمی کرتے ہوئے جنوب میں غزلانی چھاؤنی کے قریب  داعش کے دفاعی مورچوں کو بھی تباہ کر دیا- اس درمیان عراق کی عوامی رضاکار فورس نے عراقی فوج کی آٹھویں بریگیڈ کی مدد سے موصل کے جنوب میں السحاجی نامی گاؤں کو بھی آزاد کرا لیا-

عوامی رضاکار فورس نے اس شاہراہ کو بھی آزاد کرا لیا جو موصل کے مغربی حصے کو محلبیہ نامی علاقے  اور تلعفر شہر سے ملاتی ہے- اس درمیان عراقی پولیس کے کمانڈوز یونٹ کے کمانڈر حیدرالمطوری نے العقرب علاقے کی آزادی کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ موصل کا دروازہ شمار ہوتا ہے-

انہوں نے کہا کہ عراقی افواج اس اسٹریٹیجیک علاقے تک پہنچنے کے بعد جلد ہی موصل میں داخل ہو جائیں گی- المطوری نے کہا کہ عراقی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے منگل کو بہت سے کار بموں کو ناکارہ بنا دیا اور اس کارروائی میں پچیس سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا- دوسری جانب عراق کی عوامی رضاکار فورس نے منگل کو بھی موصل کے مغربی ساحل کی جانب اپنی پیشقدمی جاری رکھی اور وہ موصل ہوائی اڈے کی جانب بڑھ رہی ہے-

اطلاعات ہیں کہ عوامی رضاکار فورس نے موصل جانے والی شاہراہ کو کلیئرکرا لیا ہے-

دریں اثنا عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے امریکی وزیرجنگ جیمز میٹس سے ملاقات میں فوجی اور سیکورٹی کے مسائل نیز موصل میں جاری کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ عراقی افواج داعش کو شکست دینے کی توانائی رکھتی ہیں-

ادھر عراقی حکومت کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ داعش کے خلاف جنگ میں غیر ملکی فوجیں عراقی افواج کا ساتھ دے رہی ہیں- عراقی حکومت کے ترجمان سعد الحدیثی نے عراقی افواج کے لئے غیر ملکی فوجی مشیروں اور مبصروں کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موصل کی جنگ میں صرف عراقی افواج ہی حصہ لے رہی ہیں اور کسی بھی ملک کی باقاعدہ فوج عراق میں موجود نہیں ہے-

انہوں نے کہا کہ عراق میں غیر ملکی فوجی مبصرین اور مشیروں کی تعداد واضح ہے اور یہ مبصرین اس وقت سے عراق میں ہیں جب سے موصل کو آزاد کرانے کی کارروائیاں شروع ہوئی ہیں- عراقی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ہماری افواج داعش کے خلاف جنگ کے آخری مرحلے میں ہیں اور جلد ہی وہ داعش کو عراق سے نکال باہر کریں گی-

 

ٹیگس