غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کی جارحیت
صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے ہوئے کم از کم دس فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے منگل کی صبح ہتھیار بنانے کے ایک کارخانے کے انکشاف کا دعوی کرتے ہوئے نابلس پر حملہ کر دیا اور پانچ فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔
صیہونی فوجیوں نے اسی طرح رام اللہ میں الامعری کیمپ پر حملہ کیا اور ایک ہی گھرانے کے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔ اس موقع پر فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی اور صیہونی فوجیوں نے آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کا دم گھٹنے لگا۔
صیہونی فوجیوں کے اس قسم کے جارحانہ اقدامات فلسطینیوں پر دباؤ بڑھانے کی غرض سے عمل میں لائے جا رہے ہیں تاکہ فلسطینی اپنا گھر بار چھوڑ کر چلے جائیں۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت کی جیلوں میں سات ہزار سے زائد فلسطینی سخت حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔