Feb ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۲ Asia/Tehran
  • عراق: مغربی موصل میں کئی علاقوں کی آزادی

عراق کی عوامی رضاکار فورس نے موصل کے مغرب میں تلعفر کے مضافات میں تین قصبوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق الحشدالشعبی کے ترجمان کریم النوری نے کہا ہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس نے جمعے کے روز شہر تلعفر کے مضافات میں المحلبیہ کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے ام مصابد اور الزیتون نامی قصبوں کو آزاد کرا لیا۔

النوری کے بقول عوامی رضاکار فورس کی اس کارروائی میں کم از کم ستّاون دہشت گرد ہلاک ہوئے جن میں اس علاقے میں دہشت گردوں کا سرغنہ ابی عدنان الحاج بھی شامل ہے۔

دریں اثنا عراقی فوج کے ایک افسر سمیر داؤد المحسن نے کہا ہے کہ عوامی رضاکار فورس نے تلعفر کے مشرق میں واقع تل الزلط قصبے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے موصل کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے اکتوبر دو ہزار سولہ میں کارروائی شروع کی ہے اور اب تک موصل کے مشرقی علاقوں کو آزاد کرایا جا چکا ہے جبکہ اب موصل کے مغربی علاقوں کو آزاد کرانے کی کوشش جاری ہے۔

اس سے قبل عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں نے صوبے الانبار کے اہم علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرایا تھا۔

ٹیگس