سعودی عرب کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
سعودی عرب سے ہزاروں پاکستانی مزدوروں کو نکالےجانے کے خلاف اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ہونے والا احتجاجی مظاہرہ جموں کشمیر پیپلزنیشنل پارٹی کی جانب سے کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے سعودی حکومتی اقدام کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران35 ہزار پاکستانیوں کو سعودی عرب سے نکال دیا گیا لیکن حکومت پاکستان خاموش ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ اپنے شہریوں کے مسائل سے بالکل لاتعلق ہے، جن محنت کشوں کو سعودی عرب سے نکالا گیا ہے ان کیساتھ تین سال کا معاہدہ کیا گیا تھا جس کا پاس نہیں رکھا گیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہزاروں پاکستانی محنت کشوں کو ان کی ڈیڑھ سال کی تنخواہیں بھی نہیں دی گئیں اوران کے گھروں میں فاقے چل رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یمن کی جنگ میں پاکستان کے شریک نہ ہونے کے بعد سعودی عرب نے پاکستانی عوام کے خلاف اس قسم کی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔