شیخ عیسی قاسم کے گھر پرحملہ، حکومت کی بڑی حماقت ہوگي: آل خلیفہ کو انتباہ
بحرینی شیعوں کے رہنما آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کے نمائندے شیخ عبداللہ الدقاق نے کہا ہے کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر پر حملہ بحرینی حکومت کی بہت بڑی حماقت ہوگی اور آل خلیفہ حکومت کو یہ حملہ مہنگا پڑےگا۔
شیخ دقاق کا کہنا تھا کہ بحرین میں عوامی انقلاب کی لہر گذشتہ 6 سال سے جاری ہے اور آل خلیفہ حکومت کے بہیمانہ اور مجرمانہ اقدامات سے عوامی تحریک میں مزيد جوش و ولولہ پیدا ہوا ہے اور آل خلیفہ حکومت کی معاندانہ سازشوں کے خلاف بحرینی عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار کے مانند کھڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ آل خلیفہ حکومت کی پشت پر امریکہ اور سعودی عرب کا ہاتھ ہے اور آل خلیفہ حکومت در حقیقت امریکہ اور سعودی عرب کی بیساکھیوں پر کھڑی ہے۔ شیخ دقاق نے کہا کہ بحرین کے مختلف علاقوں میں عوامی مظاہرے شدت کے ساتھ جاری ہیں اور اگر بحرینی حکومت نے عوام کے رہنما کے خلاف کسی بھی حماقت کا ارتکاب کیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
بحرینی عوام آخری سانس تک اپنے دینی اور مذہبی رہنما کے ساتھ ہیں اور آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم بحرینی عوام کی ریڈ لائن ہیں اگر آل خلیفہ حکومت نے اس ریڈ لائن کو عبور کرنے کی کوشش کی تو اس کے سنگین نتائج کی ذمہ داری اسی پرعائد ہوگی۔ شیخ دقاق نے کہا کہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت سلب کرنا آل خلیفہ حکومت کا غیر قانونی اقدام ہے ۔ شیخ عیسی قاسم بحرینی شہری تھے، بحرینی شہری ہیں اور بحرینی شہری رہیں گے۔