Mar ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۲:۱۹ Asia/Tehran
  • پاکستانی سفیر کو افغان وزارت خارجہ میں طلب کرلیا گیا

افغانستان نے پاکستانی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

افغانستان نے پناہ گزینوں کے مسئلے اور افغانستان کے مشرقی علاقوں پر ہونے والے حملوں کے خلاف ایک بار پھر پاکستان کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے پاکستانی رویے کے خلاف احتجاج کیا اور اسے غیر منطقی قرار دیا۔

افغانستان کی وزارت خارجہ میں سیاسی امور کے ڈائریکٹر موسی عارفی نے اس موقع پر کہا کہ ننگر ہار اور کنڑ صوبوں پر پاکستان کے راکٹ حملے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی ہے جس کی وجہ سے حکومت کابل کو سخت تشویش لاحق ہے۔

اس سے پہلے بھی افغانستان کی وزارت خارجہ نے چار مرتبہ پاکستانی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا تھا۔

تقریبا 3 ہفتے قبل پاکستان کے صوبہ سندھ اور پنجاب میں ہونے والے دہشتگردانہ حملوں کے بعد، جن میں سینکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے، افغانستان اور پاکستان کے تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے اس لئے کہ پاکستان نے الزام عائد کیا تھا کہ ان حملوں میں افغانستان سے آنے والے دہشتگرد ملوث تھے لیکن کابل نے ان الزامات کی تردید کی۔

 

ٹیگس