بیت اللحم پر صیہونی حکومت کی جارحیت، 5 فلسطینی زخمی
غرب اردن کے مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی فوجیوں کی بدھ کے روز کی جارحیت میں متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے۔
فلسطینی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے بدھ کی صبح بیت اللحم کے جنوب میں الدہیشہ کیمپ پر حملہ کیا جہاں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں پانچ فلسطینی زخمی ہو گئے۔
صیہونی فوجیوں نے اسی طرح نابلس، الخلیل اور جنین پر حملہ کیا اور تئیس فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور اسلامی مقامات کی بے حرمتی اور مسجد الاقصی کی زمان و مکان کے اعتبار سے تقسیم کی کوششوں کا مقابلہ کرنے اور صیہونی فوجیوں کی جارحیت کا جواب دینے کے لئے فلسطینیوں نے اکتوبر دو ہزار پندرہ میں انتفاضہ قدس شروع کی ہے۔
دوسری جانب صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ میں فلسطینیوں کے خلاف ظالمانہ قوانین، منجملہ صیہونی بستیوں کی توسیع اور بیت المقدس کی مساجد سے اذان پر پابندی جیسے قوانین کی منظوری کے بعد صیہونی پارلیمنٹ میں سنہ اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں کے فلسطینی رکن عبداللہ ابو معروف نے کہا ہے کہ اس قسم کے قوانین، صیہونی حکومت کی نسل پرستانہ ماہیت کے تناظر میں منظور کئے گئے ہیں اور اس قسم کے قوانین کی منظوری سے ایسے اندرونی بحرانوں کا پتہ چلتا ہے کہ جن سے صیہونی حکومت دوچار ہے۔
صیہونی حکومت، اس طرح کے قوانین کی منظوری کے ساتھ ساتھ آئندہ ہفتے بعض قوانین میں ترمیم کر کے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کے مکانات مسمار کئے جانے کا عمل بھی تیز کرنا چاہتی ہے۔