شام کے شہر حمص کے علاقے الوعر سے مسلح گروہوں کے عناصر کا انخلا
شام میں قومی آشتی کے منصوبے پر عمل درآمد کے تناظر میں مسلح گروہوں کے سیکڑوں عناصر اور ان کے اہل خانہ حمص کے علاقے الوعر سے باہر نکل گئے ہیں۔
العالم ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ مسلح گروہوں کے سیکڑوں عناصر اتوار کو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پینتیس بسوں میں سوار ہو کر حمص کے علاقے الوعر سے باہر نکل گئے- شام میں قومی آشتی کے منصوبے پر ہوئے سمجھوتے کی بنیاد پر مسلح گروہوں کے عناصر ان بسوں کے ذریعے شام کے شہرحلب کے شمالی مضافاتی علاقے میں منتقل ہو رہے ہیں- حمص کے گورنر طلال البرازی نے کہا ہے کہ جو مسلح عناصر، اتوار کو قومی آشتی کے منصوبے کے سمجھوتے کے تحت الوعر سے باہر نکلے ہیں ان کی تعداد چارسو تئیس ہے جبکہ ان کے اہل خانہ کی تعداد، ایک ہزار چھپن ہے- حمص کے گورنر کا کہنا ہے کہ الوعر علاقے سے مسلح گروہوں کے انخلا کے پہلے مرحلے میں ڈیڑھ ہزار مسلح افراد وہاں سے باہر نکلیں گے اور ان کے ساتھ ان کے گھر والے بھی وہاں سے دوسری جگہ منتقل ہوں گے- حمص کے پولیس سربراہ خالد ہلال نے بھی کہا ہے کہ الوعر علاقے میں قومی آشتی کے منصوبے پر عمل در آمد سے حمص شہر میں پوری طرح امن قائم ہو جائے گا- شامی حکومت اور مسلح گروہوں کے درمیان ہوئے اس سمجھوتے پر عمل درآمد روس کی وساطت سے ممکن ہو رہا ہے-