افغان ملٹری انٹیلی جینس چیف اور نو دیگر برطرف
Apr ۰۴, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ملک کے ملٹری انٹیلی جینس کے سربراہ اور نو دیگر کمانڈروں کو برطرف کردیا ہے۔
افغان وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر اشرف غنی کے احکامات کے مطابق، مذکورہ کمانڈروں کو کابل کے ملٹری اسپتال پر دہشت گردوں کا حملہ روکنے میں غفلت برتنے کی بنا پر ان کے عہدوں سے برطرف کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق جنرل عبدالمنان کی برطرفی کے بعد، ملٹری انٹیلی جینس کی سربراہی کے لیے جنرل دین محمد کا نام پیش کیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ تقریبا ایک ماہ قبل دہشت گردوں نے کابل کے سردار داؤدخان ملٹری اسپتال پر حملہ کرکے پچاس عام شہریوں اور مریضوں کو قتل کردیا تھا۔دہشت گردی کے اس واقعے کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی تھی۔