امریکی حملہ دہشت گردی کی حمایت ہے، شامی وزیر اعظم
شام کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ امریکی میزائل حملے سے دہشت گردی کے خلاف مہم میں شامی عوام کا عزم اور زیادہ مستحکم ہوگا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کے وزیر اعظم عماد خمیس نے کہا ہے کہ صوبے حمص میں الشعیرات ایربیس پر امریکہ کا میزائل حملہ شامی حکام اورعوام میں اتحاد و یکجہتی اور دہشت گردی کے خلاف مہم میں ان کے عزم اور زیادہ مضبوط ہونے کا باعث بنا ہے۔
انھوں نے شام کے ریٹائرڈ فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکہ کے غیر قانونی حملے کو امریکی حکومت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ اور دہشت گردوں کی کھلی حمایت قرار دیا۔
عمادخمیس نے کہا کہ حکومت شام دہشت گردوں کے جرائم کے نتیجے میں شامی عوام کے مسائل و مشکلات اور ان پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اس ملاقات میں شام کے ریٹائرڈ فوجیوں کے مرکز کے سربراہ عدنان مخلوف نے بھی کہا کہ حالیہ برسوں میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں اس مرکز کے ستّاون فوجی مارے گئے ہیں۔