مہدی موعود(عج) کا یوم ولادت مبارک ہو
آج ایران، عراق ، پاکستان، ہندوستان، لبنان، شام اور بحرین سمیت پوری دنیا میں منجی عالم بشریت امام زمانہ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے یوم ولادت باسعادت کا جشن منایا جا رہا ہے۔
عراق ،پاکستان، ہندوستان، لبنان، شام اور بحرین سمیت پوری دنیا میں منجی عالم بشریت امام زمانہ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے یوم ولادت باسعادت کا جشن منایا جا رہا ہے۔ جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی رپورٹوں کے مطابق کل رات سے ہی ایران کے چپے چپے بالخصوص مذہبی مقامات پرامام مہدی (عج) کے یوم ولادت باسعادت کا جشن منایا جا رہا ہے۔
تہران میں اس مناسبت سے جگہ جگہ محفل میلاد کا انقعاد کیا گیا ہے اور مٹھائیاں و شربت تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ سڑکوں پر سبیلیں لگی ہوئی ہیں، عمارتوں پرچراغاں کیا گیا ہے اور پورے شہر میں جشن ومسرت کا ماحول ہے ۔ ایران کے مقدس شہر قم سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم اور مسجد جمکران میں اس مناسبت سے خاص پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں ایران کے مختلف شہروں اور قریوں سے مومنین شرکت کے لئےآئے ہوئے ہیں۔
مشہد مقدس سے ملنے والی خبروں کے مطابق فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضاعلیہ السلام کے حرم مطہر میں بڑی تعداد میں زائرین موجود ہیں اور امام زمانہ کی ولادت باسعادت کا جشن منا رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ پندرہ شعبان دو سوپچپن ہجری قمری میں فرزند رسول منجی عالم بشریت امام زمانہ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت ہوئی۔ امام زمانہ حضرت امام مہدی علیہ السلام سلسلہ عصمت کی چودھویں اور سلسلہ امامت کی بارہویں کڑی ہیں آپ کے والد ماجد حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام اور والدہ ماجدہ جناب نرجس خاتون ہیں۔ آپ کے متعلق نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بیشمار پیشینگوئیاں فرمائی ہیں - رسول اکرم (ص) فرماتے ہیں قائم میری اولاد میں سے ہوگا اس کا نام میرا نام ہوگا - آنحضور (ص) نے یہ بھی فرمایا ہے کہ امام مہدی (عج) کا ظہور آخری زمانہ میں ہوگا اور حضرت عیسی ان کی امامت میں نماز ادا کریں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کا ریڈیو ٹیلی ویژن اور سحر عالمی نیٹ ورک تمام مسلمانوں اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کو منجی عالم بشریت حضرت امام مہدی (عج) کے یوم ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کرتا ہے۔