شام: دہشت گرد گروہوں کے اختلافات میں شدّت
شام میں دہشت گرد گروہوں کے درمیان اختلافات میں شدّت آنے کے بعد دمشق کے مشرقی مضافاتی علاقوں میں جیش الاسلام اور جبہت النصرہ دہشت گرد گروہوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب سے وابستہ جیش الاسلام دہشت گرد گروہ نے شام میں القاعدہ کے ایک گروہ جبہت النصرہ سے ہونے والی جھڑپوں کے بعد مشرقی غوطہ میں الاشعری زرعی اراضی پر قبضہ کر لیا ہے۔
جیش الاسلام دہشت گرد گروہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جبہت النصرہ اور فیلق الرحمن گروہوں کا وجود ختم کرنے کے لئے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
فیلق الرحمن دہشت گرد گروہ کے ترجمان وائل اعوان نے بھی کہا ہے کہ جیش الاسلام گروہ نے ایک بار پھر مجرمانہ حملے شروع کر دیئے ہیں اور وہ بھاری ہتھیاروں کا استعمال کر کے الاشعری اراضی میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ ان دہشت گرد گروہوں میں ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم ڈیڑھ سو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔