Jun ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۸:۱۸ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے ذریعے قطر کا محاصرہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے

قطر کے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں بعض عرب ملکوں کی جانب سے قطر کا محاصرہ، گھرانوں کے افراد کو ایک دوسرے سے جدا کرنے اور آزادی بیان کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق قطر کے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ علی بن صمیخ المری نے کہا ہے کہ قطر کے محاصرے کے لئے عمل میں لائے جانے والے اقدامات، آزادی بیان کے تمام معیارات اور قواعد و ضوابط کو پیروں تلے روندے جانے کے مترادف ہیں۔

انھوں نے خلیج فارس کے تین عرب ملکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فیصلوں پر نظرثانی اور قطر کا محاصرہ ختم کریں۔

قطر کے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ علی بن صمیخ المری نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں بھی ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے قطر کے محاصرے کا ایک مقصد، بیرونی انسانی امداد کی منتقلی کے عمل میں رخنہ اندازی کے لئے رکاوٹ پیدا کرنا ہے۔

اس سلسلے میں تیونس کی ندا پارٹی کے رکن نزار عیاد نے کہا ہے کہ عرب ملکوں کے ہاتھوں قطر کا بحران، خلیج فارس تعاون کونسل اور عرب لیگ کی ناکامی کو واضح کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ بحران کا مقصد قطر کے استحکام کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ خارجہ پالیسی میں تبدیلی کے لئے دوحہ کو مجبور کرنا ہے جبکہ خلیج فارس تعاون کونسل کو چاہئے تھا کہ بحران کو کنٹرول کرتی اور کوئی راہ حل ڈھونڈ نکالتی۔

واضح رہے کہ تیونس کے عوام نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے قطر کے محاصرے کے خلاف اپنے ملک میں قطر کے سفارت خانے کے سامنے احتجاجی اجتماع کیا۔

ٹیگس