ریاض کے الزامات بے بنیاد ہیں : قطری وزیرخارجہ
قطر کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ دوحہ کے خلاف ریاض کے الزامات بے بنیاد ہیں اور سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے مطالبات حقیقی اور قابل عمل ہونے چاہیئیں۔
قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے منگل کی رات واشنگٹن میں امریکہ کے وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن سے ملاقات کے بعد کہا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی، قطر پر جو الزامات لگا رہے ہیں وہ صرف بے بنیاد دعوے ہیں اور اسے درخواست نہیں کہا جا سکتا-
شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کا یہ بیان ایسے عالم میں سامنے آیا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے منگل کو تاکید کے ساتھ کہا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی ملکوں نے قطر کے ساتھ تعلقات کے لئے جو شرطیں رکھی ہیں ان کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی-
واضح رہے کہ سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے جمعے کو قطر کے سامنے تیرہ مطالبات رکھے ہیں اور اعلان کیا ہے کہ قطر کے ساتھ تعلقات معمول پر آنے کا انحصار تمام مطالبات تسلیم کر لئے جانے پر ہے-