قطر پر پابندیاں، ریاض سمجھوتے کے منافی
قطر نے دوحہ کے خلاف چار عرب ملکوں کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں اور محاصرے کو خلیج فارس تعاون کونسل کے منشور اور دوہزار تیرہ اور دوہزار چودہ کے ریاض سمجھوتوں کے منافی قرار دیا ہے۔
حکومت قطر کے رابطہ دفتر کے سربراہ سیف الدین احمد آل ثانی نے کہا ہے کہ سن دوہزار تیرہ اور دوہزار چودہ کے ریاض سمجھوتوں کا مقصد خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ملکوں کے اقتدار اعلی کے احترام اور اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کو یقینی بنانا تھا۔
سیف الدین آل ثانی نے کہا کہ دوحہ پر پابندیاں لگانے والے ملکوں کے مطالبات کا ریاض سمجھوتوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان ملکوں کے اقدامات سے خیلج فارس تعاون کونسل دو حصوں میں بٹ کر رہ گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے پانچ جون کو قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے دوحہ کے ساتھ سفارتی تعلقات توڑنے کے علاوہ زمینی، فضائی، اور سمندری رابطے منقطع کرلیے تھے۔