پاکستان میں ایران کے سفیر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر جعلی ہے: ایران کے سفارتخانے کا اعلان
اسلام آباد میں ایران کے سفارتخانہ نے اعلان کیا ہے کہ ویزہ جاری کرنے اور مشترکہ سرحدوں پر پاکستانی شہریوں کے رجوع کے بارے میں جو خبریں پاکستان کے سوشل میڈیا پر چل رہی ہیں ان کی تردید کی جاتی ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلام آباد میں ایران کے سفارتخانے نے ایک باضابطہ بیان کے تحت اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کا حوالہ دیکر سوشل میڈیا پر کچھ خبریں چل رہی ہیں جس میں ایران کے ویزے یا سرحدی گزرگاہوں سے مسافروں کے رجوع کرنے کی بات کہی گئی ہے لیکن ان خبروں کی سرے سے تردید کی جاتی ہے۔
ایران کے سفارتخانے کے بیان میں آیا ہے کہ 26جولائی 2025 کو اربعین حسینی کے ایام میں پاکستانی زائرین کے لیے زیارتی ویزہ جاری ہونے کی شرائط پر مبنی بیان کے علاوہ اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے نے کوئی دوسرا بیان جاری نہیں کیا نہ ہی کسی موقف کا اظہار کیا گیا ہے۔
اس بیان میں درج ہے کہ مذکورہ "اربعین ویزا سرکولر" ایران، پاکستان اور عراق کے وزرائے داخلہ کے تہران میٹنگ کے فیصلے کے عین مطابق جاری ہوا تھا۔
ایران کے سفارتخانے کے بیان میں پاکستانی شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کے موقف اور بیان نیز ضروری معلومات کو صرف ایران کے سفارتخانے کی ویب سائٹ اور آنلائن پلیٹ فارم یا پھر سفارتخانے کے دفتر اطلاعات کے ذریعے حاصل کریں۔