موصل کی آزادی میں 25 ہزار داعشی ہلاک
موصل کی آزادی میں 25 ہزار داعشی دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
عراق سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق نینوا آپریش کے کمانڈرعبدالامیر یارالله کا کہنا تھا کہ موصل کی آزادی کیلئے 9 ماہ سے جاری آپریشن میں داعش کے 25 ہزار دہشتگرد ہلاک ہوئے، 400 سے زائد خودکش حملہ آوروں کو نشانہ بنایا گیا اور 2200 سے زائد گاڑیوں کو تباہ کیا گیا جنھیں بم دھماکوں کیلئے تیار کیا گیا تھا۔ نینوا آپریش کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ اس آپریشن میں دہشتگرد گروہ داعش کے 130 سے زائد ڈرون طیاروں کو تباہ کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موصل کی آزادی کے آپریشن میں ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد فوج، پولیس اورعوامی رضاکار فورسز نے شرکت کی۔
کمانڈرعبدالامیر یارالله نے کہا کہ جلد ہی صوبہ نینوا کی مکمل آزادی کیلئے آپریشن کا چوتھا اور آخری مرحلہ تلعفر، العیاضیه اور المحلبیه کی آزادی کیلئے شروع کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے 10 جولائی کو دہشتگرد گروہ داعش کی شکست اورموصل کی مکمل آزادی کا اعلان کیا تھا۔ دہشتگرد گروہ داعش نے صوبہ نینوا کے مرکز موصل پر 10 جون 2014 میں قبضہ کیا تھا۔