قطر کے محاصرے کا خاتمہ مذاکرات کے لئے پیشگی شرط ہے: دوحہ
قطر کے وزیر دفاع نے ایک بار پھر کہا ہے کہ مذاکرات کی پیشگی شرط محاصرے کاخاتمہ اور اقتداراعلی کا احترام ہے
فارس نیوزا یجنسی کی رپورٹ کے مطابق قطر کے وزیردفاع خالد بن محمد العطیہ نے سعودی عرب سمیت چار عرب ممالک کے ساتھ اپنے ملک کے اختلاف پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیج فارس تعاون کونسل کی نجات کا واحد راستہ مذاکرت ہیں اور دوحہ کا اصرار ہے کہ امیر کویت ہر طرح کی سفارتی گفتگو کی نگرانی کریں گے- خالد بن محمد العطیہ نے مزید کہا کہ خلیج فارس تعاون کونسل تمام رکن ملکوں سے متعلق ہے اور دوحہ نے اسے بچانے اور باقی رکھنے کے لئے صبر و تحمل سے کام لیا ہے- قطر کے وزیر دفاع نے اپنے ملک پر دوسرے ملکوں میں مداخلت کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھنا مشکل ہے کہ چار عرب ممالک نے قطر پر پابندیاں کیوں عائد کی ہیں جبکہ قطر اور سعودی رہنماؤں کے درمیان بہت سی ملاقاتیں ہوئی ہیں- سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، بحرین اور مصر نے پانچ جون سے قطر کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات ختم کرتے ہوئے اس پر پابندیاں عائد کر دی ہیں- ان چاروں ملکوں نے قطر کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لئے ، الجزیرہ ٹی وی چینل کو پوری طرح بند کرنے ، ایران و حزب اللہ کے ساتھ تعلقات کو ختم کرنے اور قطر میں ترکی کا فوجی اڈہ بند کرنے کی شرط رکھی ہے-