پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ: حفاظتی الرٹ جاری
پاکستان کے بیشتر علاقوں کے لیے ممکنہ موسمی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کردیا گیا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے محکمہ موسمیات نے 31 جولائی تک پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔
پنجاب کے شہروں لاہور، سرگودھا، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور نارووال میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈی جی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی شدید بارشوں اور پہاڑی نالوں میں تیز بہاؤ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے علاقے کوہستان، سوات، مالاکنڈ، دیر اور بونیر میں ملحقہ ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جس سے متاثرہ علاقوں میں خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
ادھر آزادکشمیر کے علاقوں بھمبر، سماہنی اور دھیرکوٹ میں پہلے ہی تیز بارشیں رپورٹ ہو چکی ہیں، جس سے مقامی آبادی کو احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے، محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کی تیاری کرنے کا مشورہ دیا ہے۔