سعودی جارحیت کی مذمت
یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے صوبہ صعدہ پر سعودی عرب کی حالیہ جارحیت کی جس میں 20 سے زائد افراد شہید اور زخمی ہوئے تھے مذمت کی۔
تسنیم خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کل جمعہ کے روز یمن کے صوبے صعدہ پر سعودی عرب کے جنگی طیاروں کے حملے میں 13 یمنی شہید اور 10 زخمی ہو گئے تھے۔
یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یمن پر سعودی اتحاد کے حملوں کے نتائج کی ذمہ داری عالمی برادری پرعائد ہوتی ہے۔
تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے یمن کی فوج اورعوامی رضاکار فورسز سے کہا ہے کہ سعودی جارحین اور اس کے آلہ کاروں کے خلاف کارروائیوں کو تیز کیا جائے اور ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جائے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے مارچ 2015 سے یمن پر جارحیت شروع کی جس کے نتیجے میں ہزاروں یمنی شہید اور زخمی اور لاکھوں متاثر ہوئے ہیں۔