Aug ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۰:۰۹ Asia/Tehran
  • پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیاسی مشاورت کا آغاز

کابل میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیاسی مشاورت کے دور کا آغاز ہوگیا، مذاکرات میں باہمی تعلقات کی بہتری اور اعتماد سازی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے اپنے افغان ہم منصب کی دعوت پر منگل کو افغانستان کے دارالحکومت کابل کا ایک روزہ دورہ کیا اور افغان عہدیداروں سے دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔اس ایک روزہ دورے میں تہمینہ جنجوعہ کی افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تہمینہ جنجوعہ نے پاکستانی وفد اور نائب افغان وزیر خارجہ نے افغان وفد کی قیادت کی۔ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی ڈپٹی چیف ایگزیکٹو محمد محقق اور افغان خاتون اول سے بھی ملاقات ہوئی۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران تمام دوطرفہ امور زیر غور آئے۔ اس طرح کے اعلیٰ سطح کے دورے بہت اہم ہوتے ہیں اور تعلقات میں بہتری لے کر آتے ہیں۔

 رواں ماہ کے اوائل میں افغانستان کے اعلیٰ سطح کے فوجی وفد نے پشاور میں پاکستانی ہم منصبوں سے ملاقات میں دہشتگردی کے خاتمے سے متعلق کوششوں پر بات چیت کی تھی ۔

 

ٹیگس