افغانستان میں اجتماعی قبریں دریافت
افغانستان کے صوبے سرپل کے گورنر کے ترجمان نے میرزا اولنگ نامی علاقے میں اجتماعی قبروں کا پتہ لگائے جانے کی خبر دی ہے۔
صوبائی ترجمان ذبیح اللہ امانی نے بتایا ہے کہ علاقے میں تین اجتماعی قبریں دریافت ہوئی ہیں جن میں مجموعی طور پربیالیس افراد کو دفن کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ان افراد کو طالبان اور تفکیری دہشت گرد گروہ داعش نے میرزا اولنگ میں قتل کرنے کے بعد اجتماعی قبروں میں دفن کردیا تھا۔ اجتماعی قبروں میں سے بعض بچوں اور خواتین کی سربریدہ لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔گزشتہ ہفتے کے اوائل میں طالبان اور داعش نے، میرزا اولنگ پر مشترکہ حملہ کرکے ساٹھ سے زائد بے گناہ شیعہ مسلمانوں کا قتل عام کیا تھا جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔افغان فوج نے پیر کے روز ایک کاروائی کے دوران صیاد شہر کے ضلع میرزا اولنگ کو داعش اور طالبان کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔