خلیج فارس تعاون کونسل ایران کے ساتھ تعلقات کی بہتری کی خواہاں
قطر کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک عراق کی وساطت سے ایران کے ساتھ تعلقات کوبہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
قطر کی سرکاری خبررساں ایجنسی قنا کے مطابق وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا ہے کہ بعض عرب ملکوں کی جانب سے قطر پر ایران کے ساتھ خصوصی تعلقات کا الزام ایسے وقت میں لگایا جارہا ہے جب خلیج فارس تعاون کونسل کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں قطر، ایران کے ساتھ تعلقات میں پانچویں نمبر پر ہے۔قطر کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خلیج فارس کے تمام ملکوں میں متحدہ عرب امارات کے ایران کے ساتھ تعلقات سب سے زیادہ ہیں۔محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کا کہنا تھا کہ یہ بات سب جانتے ہیں کہ قطر اور ایران کے درمیان گیس فیلڈ مشترکہ ہے اور دونوں ملکوں کے تعلقات ہمیشہ شفاف رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چار عرب ملکوں اور دوحہ کے درمیان پیدا ہونے والے بحران سے پہلے بھی ایران کے ساتھ قطر کے تعلقات معمول کے مطابق تھے۔قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارت، بحرین اور مصر نے پانچ جون دوہزار سترہ کو قطر پر دہشت گردی کی حمایت اور عرب کاز سے انحراف کا الزام لگاتے ہوئے سفارتی تعلقات منقطع نیز، سمندری، فضائی اور زمینی راستے بند کردیئے تھے۔