لبنان کے عین الحلوہ کیمپ میں لڑائی دس ہلاک اور زخمی
جنوبی لبنان کے شہر صیدا میں واقع فلسطینی پناہ گزینوں کے کمیپ عین الحلوہ میں لڑائی میں دس افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔
عین الحلوہ کیمپ، لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کا سب سے بڑا کیمپ ہے جس میں پچھلے برسوں کے دوران وقفے وقفے سے فلسطینیوں کی مشترکہ سیکورٹی فورس اور تکفیری گروہوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ خبروں کے مطابق لبنان کے عین الحلوہ فلسطینی کیمپ میں جمعرات کی رات ہونےوالی لڑائی میں دو افراد ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
اس سے پہلے عین الحلوہ کیمپ میں فلسطین لبریشن فرنٹ کے سربراہ صلاح الیوسف نے کہا تھا کہ ان کی جماعت انتہا پسند گروہوں کا مقابلہ کرے گی اور فلسطین کی مشترکہ سیکورٹی فورس ہر اس گروہ سے سختی سے نمٹنے گی جو عین الحلوہ کیمپ کے امن و امان کو درہم برہم کرنے کی کوشش کرے گا۔
تقریبا پانچ لاکھ فلسطینی باشندے جنھیں غاصب صیہونیوں نے ان کے اپنے گھروں سے بے دخل کردیا ہے لبنان کے بارہ پناہ گزیں کیمپوں میں زندگی گذار رہے ہیں ان کیمپوں میں عین الحلوہ کیمپ سب سے بڑا کیمپ ہے جس میں ساٹھ ہزار سے زائد فلسطینی زندگی گذار رہے ہیں۔