روہنگیا مسلمانوں کی ہجرت میں اضافہ
رواں ماہ کے آغاز سے اب تک ہزاروں روہنگیا مسلمان میانمار سے بنگلہ دیش کی جانب ہجرت کر چکے ہیں۔
مقامی حکام نے بتایا ہے کہ مسلم آبادی والے صوبے راخین میں میانماری فوجیوں کی تعداد میں اضافے کے بعد، اس علاقے سے جان بچا کر فرار ہونے والے روہنگیا مسلمانوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کے آغاز سے اب تک ہزاروں روہنگیا مسلمان راخین اور اس کے نواحی علاقوں سے بنگلہ دیش کی جانب ہجرت کرگئے ہیں۔
بنگلہ دیش میں موجود روہنگیا رہنماؤں کا کہنا ہے کہ میانمار بنگلہ دیش سرحد پر قائم پناہ گزین کیمپوں میں اب بالکل جگہ نہیں ہے جبکہ بنگلہ دیش کی سرحدی فورس کی جانب سے بھی روہنگیا مسلمانوں کو سخت دباؤ کا سامنا ہے۔
پچھلے چند ماہ کے دوران میانمار کی فوج کے تشدد سے بچنے کے لیے
تقریبا پچھتر ہزار روہنگیا مسلمان فرار ہوکر بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق تقریبا چار لاکھ روہنگیا مسلمان اس وقت بنگلہ دیش کی سرحد پر قائم کیمپوں میں انتہائی بے سرو سامانی کے عالم میں زندگی گزار رہے ہیں۔
حکومت میانمار تقربیا دس لاکھ روہنگیا مسلمانوں کو غیر قانونی تارکین وطن قرار دیتی ہے اور اس نے انیس سو نوے میں ان لوگوں کی شہریت منسوخ کردی تھی۔