شمال مشرقی حمص میں داعش کا محاصرہ تنگ
شامی فوج اور اس کی اتحادی قوتوں نے، مغربی صوبے حمص کے شمال مشرقی نواحی علاقے میں، دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کا محاصرہ کرلیا ہے۔
دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فوج نے جمعرات کے روز، صوبہ حماہ کے مشرقی علاقے علباوی ٹاون کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ اس دوران ہونے والی لڑائی میں دہشت گرد گروہ داعش کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔شامی فوج نے اثریا خناصر شاہراہ کے قریب واقع عقیربات ٹاؤن کا محاصر توڑتے ہوئے، حلب سے دہشت گردوں کی رسد کا واحد راستہ بھی بند کردیا ہے۔ایک اور اطلاع کے مطابق شمال مشرقی رقہ میں کرد فورس اور تکفیری دہشت گردوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق چوبیس داعشی دہشت گرد مارے گئے ہیں۔شامی فوج نے لبنان کے ساتھ ملنے والی سرحدوں پر جاری آپریشن فجر الجرود کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے حلیمہ قارہ نامی علاقے کی جانب پیشقدمی کی ہے۔دوسری جانب لبنانی فوج نے بھی لبنان شام سرحد پر جاری آپریشن کے دوران راس بعلبک نامی کوہستانی علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے۔