حضرت امام محمد باقر(ع) کا یوم شہادت
اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ، فرزند رسول حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی شہادت کا غم منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں۔
مسلمانوں کے پانچویں امام فرزند رسول حضرت امام محمد باقر(ع) پہلی رجب ستاون ہجری قمری میں مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے اورسات ذی الحجہ ایک سو چودہ ہجری قمری میں ستاون سال کی عمر میں مدینہ منورہ میں اموی خلیفہ ہشام بن عبدالملک کے ذریعے زہردیئے جانے کے باعث شہید ہوئے اور اسی مناسبت سے آج پورے ایران میں آپ کی شہادت کا سوگ منایا جا رہا ہے۔
فرزند رسول حضرت امام محمد باقرعلیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے مساجد اور امام بارگاہوں میں مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا ہے جس سے علماء و ذاکرین خطاب کر رہے ہیں - اسی مناسبت سے ایران کے چھوٹے بڑے شہروں خاص طور سے مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم میں مجالس عزا اور نوحہ خوانی اور سینہ زنی کا سلسلہ جاری ہے۔
حضرت امام محمد باقرعلیہ السلام نے اپنے والد بزرگوار حضرت امام علی ابن الحسین زین العابدین علیہ السلام کی شہادت کے بعد انیس سال دس مہینے تک مسلمانوں کی امامت و رہبری کا فریضہ انجام دیا - آپ نے پوری عمر اسلام کی تبلیغ و ترویج میں گذاری اور عظیم شاگردوں کی تربیت کی ۔
رسول اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) نے آپ کی پیدائش سے قبل ہی اپنے ایک خاص صحابی جناب جابر ابن عبداللہ انصاری کو آپ کی ولادت باسعادت کی نوید دیتے ہوئے آپ کو باقر کا لقب دیا تھا –
حضرت امام محمد باقر علیہ السلام اپنے دور کی عظیم الشان علمی شخصیت اور ہر لحاظ سے رسول اسلام (ص) کے جانشین و وارث تھے - جب بھی ہاشمیوں کے علم و تقوی اور شجاعت و سخاوت کا ذکر ہوتا ، لوگ آپ کا نام لیتے تھے- شخصیت میں کشش ، عفو و درگذر، بے پناہ علم و تقوی آپ کی اہم خصوصیات ہیں۔
سحر عالمی نیٹ ورک تمام مسلمانوں، حریت پسندوں اور اپنے سامعین و ناظرین کو حضرت امام محمد باقرعلیہ السلام کی شہادت کی تعزیت پیش کرتا ہے-