Sep ۰۱, ۲۰۱۷ ۰۷:۰۸ Asia/Tehran
  • عیدالاضحی مبارک ہو

عید الاضحی عالم اسلام اور سحر عالمی نیٹ ورک کے سامعین، ناظرین اور چاہنے والوں کو بہت بہت مبارک ہو۔

عید الاضحی بندگی اور ایثار کا درس دیتی ہے۔ حضرت ابراہیمؑ، سیدہ ہاجرہؓ اور حضرت اسماعیلؑ کی اطاعت الہٰی، ایثار و قربانی اور بے لوث وفاداری کی ادائیں اﷲ تعالیٰ کو اس قدر پسند آئیں کہ اُن کو قیامت تک کے لیے اہل ایمان کے لیے دہرانا اور نبھائے چلے جانا لازم قرار پایا۔

وفا کی انہی اداؤں کی پیروی کا نام ’’حج ‘‘ رکھا گیا۔ حج، لاکھوں مسلمانانِ عالم کا عظیم اجتماع دنیا کے کسی بھی ایک مقام پر، ایک خاص وقت میں، انسانوں کا سب سے بڑا، سب سے شان دار اور منفرد اجتماع ہے۔

حاضر ہوں، حاضر ہوں، اے میرےاﷲ میں حاضر ہوں۔ اے وہ ذات جس کا کوئی شریک نہیں میں حاضر ہوں۔ بے شک تمام تعریفیں تیرے لیے ہیں، تمام نعمتیں تیری ہیں (تو ہی اُن کا عطا کرنے والا ہے ) تمام بادشاہی تیری ہی ہے اور تیرا کوئی شریک نہیں، میں حاضر ہوں۔‘‘

حج کے موقع پر ہم فلسفہ حج کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں، شاید ہمارے اعمال میں وہ تبدیلی آسکے جس کا ذکر ہم کتابوں میں کئی بار پڑ ھ چکے ہیں۔ سب سے بڑی تبدیلی سوچ و فکر کی تبدیلی ہوتی ہے اگر فکر میں انسان سب کو برابر سمجھنا شروع کر دے تو مساوات اسلامی کا سبق ہماری زندگی میں شامل ہو جائے گا اور ہم حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گام زن ہوجائیں گے۔ مساوات کا سبق ہمیں قانون کے احترام کی طرف لے جاتا ہے وہ قانون جس کی نظر میں سب برابر ہیں۔ جو سب کے حقوق کا محافظ ہے۔

عیدالاضحی کےاس مبارک اور پر مسرت موقع پر اللہ کی ذات اقدس پر بھروسہ اور پيغمبر الہی کے فرمودات پر عمل کرتے ہوئے دنيا سے جلد دہشت گردی  کے خاتمے اور مسلمانوں کے مابین اتحاد و حدت کی برقراری کی دعا کے ساتھ ساتھ سحر عالمی نیٹ ورک اپنے تمام سامعین، ناظرین اور چاہنے والوں کو عیدالاضحی کی مبارک باد پیش کرتا ہے۔

ٹیگس