امریکی صدر سے مخاطب ہوتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی: آپ ہیں کیا؟
رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مخاطب ہوتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ "آپ ہیں کیا؟"
سحر نیوز/ ایران: مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سینکڑوں ایرانی کھلاڑیوں اور عالمی سائنس اولمپیاڈ میں تمغے حاصل کرنے والے طلبا و طالبات نے آج صبح رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے امریکی صدر کے بیانات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، جنہوں نے ایران کی جوہری تنصیبات کو بمباری کا نشانہ بنانے پر گھمنڈ کرتے ہوئے ان تنصیبات کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا، فرمایا کہ "ٹھیک ہے، آپ اسی خام خیالی میں رہیں لیکن آپ ہیں کیا کہ کوئی ملک جوہری صنعت کا حامل ہو تو آپ اس پر حکم چلائيں کہ یہ کرو اور یہ نہ کرو۔"
رہبر انقلاب اسلامی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور عالمی سائنس اولمپیاڈ میں تمغے حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو ان کو قومی طاقت کی تجلی اور رشد و ترقی کا مظہر قرار دیا اور فرمایا کہ آپ نے یہ ثابت کردیا ہے کہ "قومی علامت" کی حیثیت سے وطن عزیز کے نوجوانوں کے پاس بلندیوں کو سر کرنے اور ایران کی روشن فضا کی طرف دنیا والوں کو متوجہ کرنے کی طاقت ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے امریکی صدر کی حالیہ دھونس دھمکی اور ہرزہ سرائی کی طرف اشارہ کیا اور فرمایا کہ "اس شخص (ٹرمپ) نے خطے، ایران اور ایرانی قوم کے بارے میں بے شمار جھوٹ بول کر اور اپنے مکروہ رویے سے صیہونیوں کو خوش کرنے اور خود کو قابل ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن اگر اس شخص میں واقعی قابلیت و صلاحیت ہے تو وہ جائے اور امریکہ کی مختلف ریاستوں میں اپنے خلاف نعرے لگانے والے دسیوں لاکھ افراد کو خاموش کردے۔"
آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ملک کا نام روشن کرنے والے نوجوانوں کے ساتھ ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ کے تمغے دوسرے ادوار کے تمغوں کے مقابلے میں زیادہ اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ آپ نے یہ تمغے ایسے وقت میں حاصل کئے ہیں جب دشمن، سافٹ وار کے ذریعے قوم کو افسردہ کرنے اور اسے اپنی صلاحیتوں سے غافل یا مایوس کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن آپ نے قوم کی صلاحیت اور توانائی کا مظاہرہ کر کے اسے (دشمن کو) عملی میدان میں بھرپور جواب دے دیا ہے۔