Oct ۲۰, ۲۰۲۵ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • اگر روس سے تیل کی درآمد جاری رکھی تو بھاری ٹیرف ادا کرنے پڑیں گے: ہندوستان کو ٹرمپ کی ایک بار پھر دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستان کو ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ اگر روس سے تیل کی درآمد جاری رکھی تو اسے بھاری ٹیرف ادا کرنے پڑیں گے۔

سحرنیوز/دنیا: ذرائع ابلاغ  کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ "میں نے وزیر اعظم مودی سے بات کی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان روس سے تیل نہیں خریدے گا۔ اگر انہوں نے ایسا نہیں کیا تو انہیں بھاری ٹیرف دینے پڑیں گے۔"

اطلاعات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان سے روسی تیل نہ خریدنے کا وعدہ کیا تھا۔ جب صحافیوں نے اس تعلق سے سوال کیا تو ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو انہیں زیادہ ٹیرف ادا کرنے ہوں گے۔

امریکہ کہتا ہے کہ روس سے تیل خریدنے والے ممالک روس یوکرین جنگ کو بالواسطہ طور پر مالی امداد فراہم کر رہے ہیں، اس لیے امریکہ مسلسل ان ممالک پر دباؤ بنا رہا ہے جو روس سے تیل خرید رہے ہیں۔

گزشتہ کچھ ماہ میں امریکہ نے ہندوستان سمیت کئی ممالک سے کہا تھا کہ وہ روسی تیل کی درآمد میں کمی لائیں یا بند کر دیں۔

ٹرمپ انتظامیہ نے رواں سال کی شروعات میں ہی ہندوستان کی کئی مصنوعات پر درآمد ٹیرف میں اضافہ کر دیا تھا، جس میں کپڑے، ادویات اور زرعی مصنوعات شامل ہیں۔ ہندوستان کے صنعتی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس پالیسی سے برآمدات پر منفی اثر پڑا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پہلے بھی دعویٰ کر چکے ہیں کہ ہندوستان کے وزیر اعظم مودی نے انہیں یقین دلایا تھا کہ ہندوستان اب روس سے تیل نہیں خریدے گا۔

 

ٹیگس