آیت اللہ عیسی قاسم کی حراست کو 100 دن مکمل
انقلاب بحرین کے مذہبی پیشوا آیت اللہ عیسی قاسم کی رہائش گاہ کے محاصرہ کو سو دن مکمل ہوگئے ہیں۔
بحرینی ذرائع کے مطابق آیت اللہ عیسی قاسم کی رہائش گاہ کے محاصرے کو سو دن پورے ہونے پر سیاسی اور سماجی شخصیتوں نے سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر جاری کی ہیں جن سے الدراز کے علاقےمیں بکتربندگاڑیوں کی تعیناتی کو بخوبی دیکھا اور اس محلے میں گھٹن کے ماحول کو سمجھا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل حکومت بحرین نے بے بنیاد الزامات کے تحت بزرگ مذہبی پیشوا آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت سلب کر لی تھی۔
بعض سیاسی شخصیات کا کہنا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ آیت اللہ عیسی قاسم کو ملک بدر کرنا چاہتی ہے۔
یہ ایسے عالم میں ہے کہ آل خلیفہ کی عدالت نے بحرینی علماء اور انقلابیوں کے خلاف ظالمانہ فیصلے جاری کرتے ہوئے معروف عالم دین شیخ حسن کو بھی دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔
شیخ حسن کو اگست دوہزار پندرہ میں آل خلیفہ حکومت نےگرفتار کیا تھا اور انھیں اپنے گھر والوں سے ملنے اور وکیل اختیار کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔