Sep ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۱:۰۷ Asia/Tehran
  • ایران روہنگیائی مسلمانوں کی مدد میں پیش پیش

پاکستان کے اہلسنت عالم دین علامہ ریاض شاہ نے کہا ہے کہ ایران اور ترکی کے سوا کسی اسلامی ملک نے روہنگیا مسلمانوں کے لئے کوئی اقدام نہیں کیا۔

جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر او آئی سی کا بیان کافی نہیں، او آئی سی مطالبے نہیں اقدامات اٹھائے، اسلامی جمہوریہ ایران اورترکی کے سوا کسی اسلامی ملک نے روہنگیا مسلمانوں کے لئے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم اور مجبور روہنگیا مسلمانوں کے دفاع کے لئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے، اسلامی ممالک برما کا سفارتی و تجارتی بائیکاٹ کرکے روہنگیا مسلمانوں کی شہریت کا مسئلہ حل کروا سکتے ہیں۔

علامہ ریاض شاہ نے مزید کہا کہ برما کی ظالم فوج روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام کرکے وحشیانہ پن کا بدترین مظاہرہ کر رہی ہے، میانمار کے مسلمانوں کی برما سے بے دخلی کی بنیادی وجہ مذہبی تعصب ہے، عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو برما میں بدھ مت کے پیروکاروں کی دہشتگردی اور انتہا پسندی کیوں نظر نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے تمام مسائل کا حل اتحاد امت میں پوشیدہ ہے امت کے اتحاد میں بعض اسلامی ممالک کے مفادات رکاوٹ ہیں، روہنگیا مسلمانوں کے حق میں تمام اسلامی ممالک متحد ہوکر سفارتی مہم چلائیں، عالم کفر کا متحد اور عالم اسلام کا منتشر ہونا المیہ ہے۔

 

ٹیگس