مسلح گروہوں کا شامی فوج میں شمولیت کا اعلان
شام میں داعش کے خلاف جنگ کے لئے مسلح گروہوں کے سیکڑوں افراد کے شامی فوج میں شامل ہو جانے کے بعد مزید پینتالیس مسلح گروہوں نے شامی فوج میں شامل ہونے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کردیا ہے
شام میں حمیمیم نامی روسی مرکز نے خبردی ہے کہ شام میں مسلح گروہوں کے کمانڈروں سے ہونےوالے مذاکرات کے نتیجے میں دسیوں مسلح گروہوں نے شامی فوج میں شامل ہونے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے - یہ سبھی مسلح گروہ صوبہ ادلب میں پیس زون میں شامی فوج کے ساتھ ملحق ہوں گے - اس سے پہلے بھی روسی مرکز نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ تقریبا ایک ہزار مسلح افراد جن میں مسلح گروہوں کے سات کمانڈر بھی شامل تھے داعش کے خلاف جنگ کرنےکے لئے شامی فوج میں شامل ہوئے ہیں - واضح رہے کہ شام کے صوبے ادلب پر شامی حکومت کے مخالف اور انتہا پسند مسلح گروہوں منجملہ فری سیرین آرمی، احرارالشام اور تحریرالشام نامی گروہ سے وابستہ مسلح گروہوں کا قبضہ ہے -