Dec ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • اپنے ہی ملک کی تباہی کا تماشہ دیکھتے مسلح مخالفین، شام کے فوجی ٹھکانوں کو تباہ کرتا اسرائیل، زبانی حملے کرتے عرب حکمراں

اسرائیل کے جنگي طیاروں نے شام کے مشرقی اور مغربی علاقوں پر اپنے حملوں میں شدت لاتے ہوئے ان علاقوں میں بڑے پیمانے پر شام کی فوجی تنصیبات کو تباہ کر دیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ٹی وی چینل العالم کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام کے مشرقی اور مغربی علاقوں میں موجود شامی فوج کے ٹھکانوں پر اپنے تازہ ترین فضائی حملوں میں دیر الزور فوجی ہوائی اڈے کے راڈاروں کو نشانہ بنایا، اسی طرح زاما کے علاقے میں میزائل اڈے اور طرطوس کے مضافات میں ہتھیاروں کے ڈپوز کو نشانہ بنایا ہے-

خبر رساں ذرائع نے شام کے مغربی ساحل پر طرطوس کے مضافات میں بعض مراکز پر صیہونی حکومت کے حملے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر آگ لگنے کی اطلاع دی ہے اور مزید کہا ہے کہ فائر فائٹنگ ٹیمیں حملے کی جگہ کے قریب دیہاتوں اور قصبوں میں روانہ کر دی گئی ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام کے ساحل پر فوجی مراکز کو جدید میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے کہ جس کا استعمال اس سے پہلے جارح فوج نے نہیں کیا تھا۔

ستائيس نومبر دوہزار چوبیس سے شام میں دہشت گردوں اور مخالفین نے بعض ممالک کی حمایت سے ملک کے مختلف علاقوں میں شامی فوج کے ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پر حملے شروع کئے جو بالآخر آٹھ دسمبر کو بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کا سبب بنے۔ آٹھ دسمبر سے لے کر اب تک صیہونی حکومت نے شام میں پانچ سو سے زائد اہداف پر حملے کئے ہیں اور اس ملک کے بیشتر دفاعی اور شہری بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا ہے۔ شام کی سرزمین پر یہ جارحیت اور حملے ایسے وقت میں کئے جا رہے ہیں کہ جب شام میں حکومت کرنے والے مسلح مخالفین خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور اس نے ان وسیع حملوں کے خلاف ابھی تک کوئی مؤقف اختیار نہیں کیا ہے۔

دوسری جانب رابطہ عالمی اسلامی نے مقبوضہ شام کے جولان میں صیہونی حکومت کی توسیع پسندی کی مذمت کی ہے۔ رابطہ عالمی اسلامی نے شام کے مقبوضہ جولان میں صیہونی حکومت کے توسیع پسندانہ اقدامات پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، ان اقدامات کے خلاف عالمی سطح پر ردعمل کا مطالبہ کیا ہے۔ اس بیان میں شام کی خودمختاری اور اس کی ارضی سالمیت نیز عوام کے تحفظ اور سلامتی پر زور دیا گیا ہے۔

در ایں اثنا قطر اور سعودی وزارت خارجہ نے بھی الگ الگ بیانات میں مقبوضہ جولان میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کے صیہونی حکومت کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔ صیہونی حکومت کی کابینہ نے اتوار کو مقبوضہ جولان کی پہاڑیوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری ایسےوقت میں دی ہے کہ جب وہ شامی سرزمین کے اندر اپنی پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

 

ٹیگس