عراقی کردستان میں ریفرنڈم کی مخالفت کا اعلان
عراق کے صوبہ نینوا کے صدر مقام موصل کے قبائلی عمائدین اور سیاسی شخصیات نے شہر میں اجتماع کر کے عراقی کردستان کی علیحدگی کے ریفرنڈم کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔
لبنان کے المیادین ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ اس اجتماع کے اختتام پر موصل کے عمائدین اور سیاسی رہنماؤں نے ایک بیان جاری کرکے کردستان کے علاقے کی عراق سےعلیحدگی کے ریفرنڈم کی مخالفت کی اور اعلان کیا کہ وہ اس بات کی اجازت نہیں دیں گے عراق میں الگ سے کوئی ایسی حکومت قائم ہو جس سے ملک کا بحران اور زیادہ شدت اختیار کرے۔
اس درمیان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی ایک بیان جاری کرکے عراق کی ارضی سالمیت اور اقتدار کے تحفظ پر زوردیا ہے۔
سلامتی کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عراق کی مرکزی حکومت اور کردستان کی مقامی انتظامیہ عراق کے آئین کے دائرے میں اپنے مسائل بات چیت کے ذریعے حل کریں۔
سلامتی کونسل نے مجوزہ ریفرنڈم کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ بدامنی اور نتائج کی بابت تشویش کا اظہار کیا ہے۔