صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے عالم اسلام میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا ہے
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے عراق کے قومی سلامتی کے مشیر کے ساتھ ملاقات میں امریکہ اور غاصب اسرائیلی حکومت کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے عالم اسلام میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق عراق کے قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی نے منگل کی شام تہران میں صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اس ملاقات میں، ایران اور عراق کے دو طرفہ تعلقات کو اچھی سطح پر قرار دیا اور کہا کہ اسلامی ملکوں کے دو طرفہ تعلقات کا فروغ، سیکورٹی، اقتصاد، سائنس اور ثقافت، سبھی شعبوں میں باہمی تعاون میں توسیع کا سبب بن سکتا ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران اور عراق کے درمیان سفارتی وفود کے تبادلے اور اعلیٰ حکام کی آمد و رفت کا تسلسل، دوجانبہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں مشترکہ نقطہ ںگاہ، یک جہتی اور تعاون میں فروغ کے اسباب فراہم کرسکتا ہے۔
صدر ایران نے عالم اسلام کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی ملکوں میں اتحاد و یک جہتی پیدا ہوگئی تو علاقے کی اقوام کے خلاف امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت کی سازشیں ناکام ہوجائيں گی۔
انھوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے اتحاد پر مبنی نقطہ نگاہ پر زور دیا اور کہا کہ ہم اپنے اعتقاد کے مطابق عراق اور کردستان علاقے کے سبھی لوگوں کو، چاہے ان کا تعلق کسی بھی قوم و قبیلے اور مذہب و مسلک سے ہو، اپنا بھائی سمجھتے اور امت مسلمہ کی عزت و سربلندی کے لئے برادرانہ تعلقات کی تقویت اور دشمنوں کے پیدا کردہ اختلافات سے پرہیز کو ضروری سمجھتے ہیں۔
عراق کے قومی سلامتی کے مشیرقاسم الاعرجی نے اس ملاقات میں صدر ایران سے اپنی ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران اورعراق کی سلامتی کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت عراق خود کو دونوں ملکوں کے سیکورٹی معاہدوں پر مکمل عمل درآمد کی پابند سمجھتی ہے۔