دہشتگردی کے خلاف پاک-ایران تعاون اہم
پاکستان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پاک-ایران تعاون علاقائی مستقبل کے لئے اہم ہے۔
پاکستان کے وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے ارنا کے نمائندے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے دوست اور ہمسایہ ممالک ہیں جن کے درمیان دہشتگردی کے خلاف تعاون خطے کے مستقبل کے لئے نوید بخش ہے۔
خرم دستگیر خان نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایران اور پاکستان اچھے اور موثر تجربات رکھنے والے ممالک ہیں اور پاکستانی فوج نے دہشتگردوں کے خلاف مختلف آپریشنز کے ذریعے موثر تجربات حاصل کئے اور پاکستان کی فوج تکفیری دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں کی مکمل نابودی تک ان کے خلاف آپریشن جاری رکھے گی۔
پاکستان کے وزیر دفاع نے ایران کو خطے کا اہم شراکت دار ملک قراردیتے ہوئےکہا کہ ایران کی جانب سے سی پیک منصوبے میں شمولیت اختیار کرنے کی آمادگی نے اس عظیم منصوبے کی اہمیت کو دوبالا کردیا ہے ۔