Sep ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۶:۵۸ Asia/Tehran
  • بحرینی جیلوں میں عزادار قیدیوں پر تشدد

آل خلیفہ کے سیکورٹی اہلکاروں نے "جو" جیل میں عزاداری سیدالشہداء کرنے والے قیدیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا-

رسا نیوز کے مطابق "جو" جیل کے قیدی، عشرہ محرم کی مناسبت سے نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کر رہے تھے کہ آل خلیفہ کے سیکورٹی اہلکاروں نے ان پر حملہ کردیا اور انھیں بری طرح زد و کوب کیا-
" جو " جیل کے جیلر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ جیل میں عزاداری یا مجالس برپا کرنا ممنوع ہے اور جو ایسا کرے گا اسے سخت سزا دی جائے گی۔
درایں اثنا بحرین کے المعامیر نامی علاقے کے عوام نے آل خلیفہ کے ان سیکورٹی اہلکاروں کے سامنے زبردست استقامت کا مظاہرہ کیا جو ماہ محرم کے پرچم اور بینروں کو نیچے اتارنے کی کوشش کر رہے تھے۔
آل خلیفہ کے فوجیوں نے اس حملے میں وحشی کتوں کا استعمال کیا اور عزاداران حسینی کی جانب آنسوگیس کے گولے فائر کئے جس کے نتیجے میں کئی بحرینی شہریوں کی حالت غیر ہوگئی۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ بحرین کے انقلابی گروہوں نے شعائر حسینی کے دفاع کے حق پرتاکید اور بحرینی عوام سے حکومت کی جارحیت کے سامنے ڈٹ جانے کامطالبہ کیا۔
بحرین میں فروری دوہزارگیارہ سے آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت کے خلاف پرامن مظاہرے ہو رہے ہیں۔بحرینی عوام اپنے ملک میں آزادی و انصاف کے قیام، نسلی امتیاز کے خاتمے اور ایک منتخب حکومت کی تشکیل کا مطالبہ کر رہے تھے۔

ٹیگس