Sep ۲۷, ۲۰۱۷ ۰۹:۱۶ Asia/Tehran
  • کربلا حریت، غیرت، قربانی اور شوق شہادت کی درس گاہ

اہلسنت عالم دین نے کہا ہے کہ سانحہ کربلا کی یاد سے فسق و فجور کے خلاف جدوجہد کا ولولہ بیدار ہوتا ہے، عالم کفر کی مزاحمت کے لئے کربلا والوں کے راستے پر چلنا ہوگا۔

جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے لاہور میں عشرہ فروغ پیغام امام حسین(ع) کی مناسبت سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین(ع) حق پرستوں کے لئے مینارہ نور ہیں، امت مسلمہ کو آج نئی کربلا کا سامنا ہے، کربلا سے حریت، غیرت، قربانی اور شوق شہادت کا درس ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین (ع)کے ماننے والے عہد حاضر کی سامراجی طاقتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اوراہل حق حسینیت کا پرچم ہمیشہ سربلند رکھیں گے۔

علامہ سید ریاض حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سانحہ کربلا کی یاد سے فسق و فجور کے خلاف جدوجہد کا ولولہ بیدار ہوتا ہے، عالم کفر کی مزاحمت کے لئے کربلا والوں کے راستے پر چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول نے سر کٹوا کر اپنے نانا کا دین بچایا تھا، امام حسینؑ کا جذبہ اپنانے اور پھیلانے سے ہی عالمگیر غلبہ اسلام ممکن ہے، شہدائے کربلا کا نام اور مقام ہمیشہ زندہ و تابندہ رہے گا اور یزیدیت تا قیامت نفرتوں کا ہدف رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ امت کی وحدت کو نقصان پہنچانا سامراجی قوتوں کا اصل ہدف ہے، اتحاد امت کے ذریعے ہی استعماری سازشوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

 

ٹیگس