امریکا داعش کو ہتھیار فراہم کررہا ہے، سابق افغان صدر
افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ ا مریکا افغانستان میں دہشت گرد گروہ داعش کو ہتھیار فراہم کررہا ہے۔
افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے روس کے نشریاتی ادارے آرٹی کو اپنے انٹرویو میں کہاکہ امریکا افغانستان میں داعش کو ہتھیار فراہم کررہا ہے اور داعش گروہ افغانستان میں امریکی فوجی اڈے بھی استعمال کررہا ہے۔
افغان صدر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پہلے افغانستان میں طالبان اور القاعدہ کے دہشت گردوں کی تعداد زیادہ تھی لیکن اب افغانستان کے مختلف علاقوں میں داعش کے عناصر پھیلتے جارہے ہیں۔
سابق افغان صدر نے کہا کہ ہمیں حق پہنچتا ہے کہ امریکا سے پوچھیں کہ امریکی فوج اور خفیہ ایجنسیوں کی سخت نگرانی کے باوجود داعش نے کس طرح سے افغانستان میں اپنی جڑیں مضبوط کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امریکی انٹیلجنس اداروں کی موجودگی میں ہی داعش نے افغانستان میں قدم جمائے۔
حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ امریکا دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے ہی افغانستان میں آیا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا جو ہمارے لئے باعث تشویش ہے۔