افغانستان: صوبہ کنڑ کے ڈپٹی گورنرپاکستان میں لاپتہ
افغانستان کے صوبہ کنڑ کے ڈپٹی گورنر نبی احمدی پراسرار طور پرپشاور میں لاپتہ ہوگئے۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق افغانستان کے صوبے کنڑ کے ڈپٹی گورنر نبی احمدی پشاور میں لاپتہ ہوگئے ہیں۔ افغان قونصلر جنرل محمد معین نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نبی احمدی کے رشتہ دارآج پشاور میں افغان قونصل خانے آئے اوران کی گمشدگی سے متعلق آگاہ کیا۔
نبی احمدی علاج کے لئے پشاور گئے تھے اور گزشتہ شام 5 بجے ڈبگری گارڈن میں ایک نجی کلینک میں چیک اپ کے لئے گئے تھے جہاں سے وہ پراسرار طور پرلاپتہ ہوگئے۔ محمد معین کا کہنا ہے کہ لاپتہ ڈپٹی گورنر کے پاس ان کا افغان پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بھی موجود تھا جب کہ افغان عہدیدار کی گمشدگی سے متعلق پاکستان کی وزارت خارجہ اور دیگر حکام کو اطلاع دے دی گئی ہے۔
پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا ہے کہ افغان سفارتخانے نے لاپتہ ڈپٹی گورنرکے حوالے سے ہم سے رابطہ کیا ہےجبکہ ہم نے متعلقہ حکام کو افغان ڈپٹی گورنر نبی احمدی کا جلد پتا لگانے کی ہدایت کردی ہے۔