شیخ علی سلمان کے خلاف شاہی حکومت کے تازہ الزامات کذب محض
بحرین کی سب سے بڑی سیاسی جماعت جمیعت الوفاق نے اپنے اسیر رہنما شیخ علی سلمان کے خلاف شاہی حکومت کے تازہ الزامات کو کذب محض قرار دیتے ہوئے اسے بحرین قطر تنازعہ کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔
جمیعت الوفاق کے نائب صدر حسین الدیہی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت بحرین نے شیخ علی سلمان اور قطر کے سابق وزیر اعظم کے درمیان ہونے والی گفتگو کو سیاق و سباق کے بغیر نشر کر کے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بحرین اس گفتگو کا مکمل ریکارڈ نشر کرے تاکہ ملکی اور عالمی رائے عامہ حقائق سے واقف ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ جمیعت الوفاق اور قطر کے درمیان رابطے شاہ بحرین کی درخواست پر ہوئے تھے جن میں نائب ولی عہد حکومت کی اور شیخ علی سلمان مخالفین کی نمائندگی میں شرکت کرتے رہے ہیں۔
جمیعت الوفاق کے نائب سربراہ نے کہا کہ حکومت بحرین کی جانب سے عدلیہ کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی کوششیں مخالفین کے موقف کو درست ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں۔