اربعین مارچ گہری عقیدت کا مظہر ہے، عراقی وزیر داخلہ
عراق کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ اربعین حسینی کے موقع پر کربلا تک کئے جانے والے پیدل ملین مارچ میں عراق و ایران کے زائرین کی مشترکہ طور پر شرکت دونوں ملکوں کی قوموں کی گہری عقیدت کا مظہر ہے۔
عراق کے وزیر داخلہ قاسم الاعرجی نے ہفتے کے روز عراق کی سرحد پر مہران بارڈر پر صوبے ایلام کی اربعین کمیٹی کے اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ عراق کے بڑھتے ہوئے سماجی و ثقافتی تعلقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی مشترکہ ثقافت کے پیش نظر رابطوں کی توسیع کے لئے کوششیں کئے جانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے اربعین حسینی کے موقع پر لاکھوں کی تعداد میں زائرین کے عراق جانے کے پیش نظر ایران و عراق کے قوانین پر عمل اور کربلا معلی تک ملین مارچ میں وسیع پیمانے پر شرکت کئے جانے کے ماضی کے تجربات سے استفادہ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
عراق کے وزیر داخلہ نے سرحدوں پر ضروری اقدامات کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراق، ایرانی سرحدی محافظوں کی مدد سے امن قائم رکھنے اور سرحدوں پر سیکورٹی رکھے جانے میں تعاون کر رہا ہے۔ انھوں نے سرحدوں پر ایرانی سیکورٹی اہلکاروں کے اقدامات کی قدردانی بھی کی۔